Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

کامیاب شادی میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ جینیاتی عمل کارفرما ہے: تحقیق

شائع 14 نومبر 2019 06:56am
سائنس

ایک نئی امریکی تحقیق میں سامنے آئی کہ خوش باش شادی شدہ جوڑے کے کامیاب تعلق کے پیچھے ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ یہ جینز کا اثر ہوتا ہے۔

بنگ ہیمپٹن یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا مخصوص جینز کا امتزاج یا جینوٹائپس لوگوں کی کامیاب شادی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

محققین نے تحقیق کے دوران یہ جاننے کی کوشش کی کہ انسان کے اندر مسرت کا احساس دلانے والے آکسی ٹوسین ریسیپٹر جین کس حد تک شادی کے بعد بننے والے رشتے کے معیار پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

یہ جین آکسی ٹوسین کو ریگولیٹ اور ریلیز کرنے میں مدد دیتا ہے اور محققین کا کہنا تھا کہ پہلے تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ ازدواجی تعلق کا انحصار جزوی طور پر جینیاتی عناصر پر ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آکسی ٹوسین سماجی تعاون سے متعلق ہوتا ہے جو کہ ازدواجی رشتے کے لیے انتہائی ضروری پہلو ہے، تاہم اب پہلی بار ہم نے ایسے شواہد پیش کیے ہیں کہ مخصوص جینز کا امتزاج شادی کے معیار پر اثرانداز ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق انہوں نے آکسی ٹوسین ریسیپٹر جین کے 2 مخصوص مقامات دریافت کیے اور معلوم ہوا کہ یہ شوہر اور بیوی دونوں کے رویوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ شادی کو کامیاب بنانے میں یہ عنصر کتنا زیادہ اثرانداز ہوتا ہے۔