کراچی میں جمعے کو موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی
کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعے کو موسم سرما کی پہلی بارش کی پیشگوئی کردی، بارش کے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔
شہر قائد کے موسم بھی تبدیل ہونے لگا، شہر میں صبح سے ہی مطلع جزوی ابر آلود ہے، ہوا میں میں نمی کا تناسب 40 فیصد ہے جبکہ شہر میں شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے راستے ایک نیا سسٹم ملک میں داخل ہورہا ہے جس کے نیتجے میں اندرون سندھ کے مختلف اضلاع اور بالخصوص کراچی میں 15 نومبر کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے 48 گھنٹے بعد شہر میں غیر معمولی سرد ہوائیں چلیں گی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔
شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کیلئے ملک کے موسم سے متعلق پیشگوئی بھی کی ہے جس کے مطابق بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ سندھ کے چند اضلاع، شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
جمعرات کے روز جنوبی پنجاب، سندھ، شمال مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا ،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر کے اضلاع میں میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا تاہم ملتان، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان، لیہ اور بارکھان کے اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔
ملتان 05، بہاولپور (سٹی 02، ایئر پورٹ 01) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت: گوپس 03-، اسکردو اور استور 01- بگروٹ اور قلات میں 0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Comments are closed on this story.