Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹور میچ میں قومی بلے بازوں کے بعد بولرز نے بھی دھوم مچادی

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2019 03:55pm

پرتھ میں جاری تین روزہ پریکٹس میچ کا دوسرا روز بھی پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 428 رنز بنائے۔ بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔

یاسر شاہ نے 53 اور شاہین آفریدی نے 25 رنز کا حصہ ڈالا، نسیم شاہ بیٹنگ کیلئے  نہ آئے، ان کی والدہ کے انتقال پر کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں ان ایکشن ہوئے۔

آسٹریلیا اے نے بیٹنگ شروع کی تو قومی بولرز جھپٹ پڑے، پوری ٹیم 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عمران خان سینئرنے پانچ وکٹیں اڑائیں جبکہ افتخار اور شاہین نے دو دو شکار کئے۔ میزبان ٹیم کے 9 کھلاڑی 57 رنز پر ہی پویلین لوٹ چکے تھے تاہم آخری وکٹ پر 65 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

پاکستان کو تین سو چھ رنز کی برتری ملی تاہم پاکستان نے فالو آن کے بجائے دوسری اننگز کو ترجیح دی اور کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 7 رنز بنائے۔

پاکستان کو آسٹریلیا پر 313 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ ڈے اینڈ نائٹ میچ کا کل تیسرا اور آخری روز ہوگا۔

 

تین روزہ پریکٹس میچ کا پہلا روز: آسٹریلیا اے کیخلاف بابر اور اسد کی شاندار سینچریاں

پرتھ: بابراعظم اور اسد شفیق کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا اے کیخلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز 3 وکٹوں پر 336 رنز بنالئے۔

آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کیلئے قومی ٹیم نے پریکٹس میچ میں شاندار آغاز کیا، بابر اعظم اور اسد شفیق نے سنچریاں داغ دیں۔

پرتھ میں کھیلےجارہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کربیٹنگ کی، 60 رنز پر 3 وکٹیں گرگئیں۔ کپتان اظہر علی 11، حارث سہیل 18 اور شان مسعود 22 رنز بناسکے۔

اسد شفیق اور بابر اعظم میزبان بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، بابر نے 126 گیندوں پر سنچری داغ دی، اسد شفیق بھی پیچھے نہ رہے اور وکٹ کے چاروں جانب عمدہ شاٹس کھیلتے ہوئے سینچری جڑدی۔

Screenshot Courtesy: ESPNCricinfo

پہلے روز کھیل کے اختتام تک بابر 157 اور اسد 119 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔