Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

سرفراز احمد قومی ٹیم میں جگہ کے مستحق ہیں، جاوید میانداد

شائع 07 نومبر 2019 02:57pm

پاکستان کے لیجنڈری بلے باز اور سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ 'سرفراز احمد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں جگہ کے مستحق ہیں کیونکہ وہ زبردست وکٹ کیپر ہیں اور آسٹریلیا کے خلاف جاری مقابلوں میں کچھ مفید مشورے بھی دے سکتے تھے'۔

انہوں نے یہ کہا کہ 'سرفراز کو کس بنیاد پر ٹیم سے نکالا گیا میں ابھی تک نہیں سمجھ سکا ہوں، کھلاڑی کی حیثیت سے وہ نمبر 7 یا 8 پر بیٹنگ کرکے رنز اسکور کرسکتے ہیں'۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ 'ایک سینیئر اور تجربہ کار کھلاڑی کی حیثیت سے ان کی موجودگی اور مشورے میچ کے دوران سودمند ثابت ہوسکتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اب بہت تیز ہوگئی ہے، ٹیمیں دو سو، ڈھائی سو اور اس سے بھی زائد رنز اسکور کررہی ہیں۔ آسٹریلوی ٹیم بے حد طاقتور ہے اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر کسی کو کامیابی حاصل نہیں کرنے دیتی'۔

بانوے ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے رکن نے مزید کہا کہ 'ایسا لگتا ہے جیسے تمام کھلاڑی ٹیم کے لئے نہیں بلکہ اپنے 30 یا 40 رنز کے لئے کھیل رہے ہوں'۔

انہوں نے سلیکشن کے طریقہ کار کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'کھلاڑیوں کو سیریز کی بنیاد پر ٹیم سے نکالا اور منتخب کیا جارہا ہے۔ ہمارے دور میں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہی ایسا تھا جیسے ملک کے لئے کھیل رہے ہوں'۔

شارجہ کے ہیرو نے یہ بھی کہا کہ 'کھلاڑیوں کو جدید کرکٹ سے ہم آہنگ کرنے کے لئے لیپ ٹاپ کوچز کی نہیں بلکہ میدان میں ٹریننگ کروانے والے کوچز کی ضرورت ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ 'جب میں کوچ تھا تو میں کھلاڑیوں کی تکنیک اور ان کی اسکلز کو نکھانے پر خصوصی توجہ دیا کرتا تھا'۔

انہوں نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ 'جو کھلاڑی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کررہے انہیں ٹیم سے ڈراپ کردیا جائے، بورڈ کھلاڑیوں کو خطیر رقم ادا کرتا ہے اس لئے کھلاڑیوں کو سمجھنا ہوگا'۔

سابق کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کسی بھی غیرملکی دورے پر جانے سے قبل سابق کھلاڑیوں سے مشورے لینے چاہئیں'۔

واضح رہے کہ جاوید میانداد نے اپنے کیریئر میں 124 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 ہزار 832 رنز اسکور کئے۔