Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد

شائع 01 نومبر 2019 02:29pm

لاہور: سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے کپتان احمد شہزاد پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔

 سندھ کے سہیل خان اور سنٹرل پنجاب کے اظہر علی کو بھی پی سی بی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر تنبیہ کردی گئی۔

احمد شہزاد کو میچ میں گیند کی حالت بدلنے سے متعلق  پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا ہے۔

گیند کی حالت تبدیل کرنے والے کھلاڑی کی شناخت نہ ہوپانے کے باعث احمد شہزاد کو نان آئیڈینٹٹی فکیشن کی بناء پر بطور کپتان چارج کیا گیا۔

میچ کے دوران سندھ کی پہلی اننگز میں 17 ویں اوور میں آن فیلڈ امپائرز نے گیند کا معائنہ کیا تو اس میں تبدیلی دیکھی گئی۔

 اس بناء پر آن فیلڈ امپائرز ضمیر حیدر اور محمد آصف نے احمد شہزاد کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2 پوائنٹ 14 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔

میچ ریفری ندیم ارشد نے سماعت کے بعد کھلاڑی کی شناخت نہ ہوپانے کے باعث سنٹرل پنجاب کے کپتان احمد شہزاد پر جرمانہ عائد کردیا۔

احمد شہزاد کی جانب سے اعتراف جرم نہ کرنے کے باعث معاملے پر سماعت کی گئی۔ سماعت کے بعد میچ ریفری نے احمد شہزاد کو مجرم قراردے کر نوٹس آف چارج تھمادیا گیا۔

احمد شہزاد نے کہا کہ اس میچ کے دوران گیند کی حالت میں تبدیلی ایک فطری عمل تھا، میچ آفیشلز کو قائل کرنے کی کوشش کی تھی کہ گیند کی حالت میں تبدیلی مصنوعی طور پر نہیں کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچ ریفری کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے اسے قبول کرتا ہوں، کبھی ایسی کسی سرگرمی میں ملوث ہوں گا اور نہ ہی کسی ساتھی کھلاڑی کو کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے دوں گا۔

کپتان سنٹرل پنجاب کا مزید کہا تھا کہ میرا مقصد معیاری کرکٹ کھیلنا اور نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بننا ہے۔

سہیل خان اور اظہر علی کو میچ کے دوران جملوں کا تبادلہ کرنے پر تنبیہ جاری کردی گئی، سہیل خان کو میچ میں وقت ضائع کرنے سے متعلق پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2 پوائنٹ 10 کے لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا۔

اظہر علی کو کھلاڑی یا اسپورٹ اسٹاف کی سمت میں خطرناک انداز میں گیند پھینکنے سے متعلق  پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2 پوائنٹ 9 کے لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا۔