Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پی آئی اے نے فلائٹ میں نئی سیٹیں متعارف کروا دیں

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2019 08:23am

اسلام آباد: پاکستان کی قومی ائیرلائن پی آئی اے نے فلائٹ میں زائد گنجائش والی سیٹیں متعارف کروا دی ہیں۔

پی آئی اے کی انتظامیہ نے طیاروں میں جگہ کی کمی اور نشستوں کی تنگی سے ہونے والی مسافروں کی پریشانی کا حل تلاش کرلیا ہے، انتظامیہ نے سفری سہولیات میں بہتری لاتے ہوئے آرام دہ سفرکی خاطر نیا اقدام کیا ہے۔ دوران پرواز مسافر اب زائد گنجائش والی نشست حاصل کر سکیں گے، اس سہولت کے لیے مسافروں کو اضافی فیس ادا کرنا ہوگی۔

اضافی رقم دوران پرواز فضائی میزبان وصول کریں گے اور فیس ادائیگی کے عوض مسافر کو زائد گنجائش والی سیٹ الاٹ کردی جائے گی۔

زائد گنجائش والی نشستوں پر اطلاع نامے آویزاں کردیے گئے ہیں، اندرون ملک 2 ہزار اور گلف سیکٹرز پر 3 ہزار روپے فی نشست ادائیگی کرنا ہوگی۔

یہ نشستیں بورڈنگ مکمل ہونے کے بعد دستیابی کی صورت میں حاصل کی جاسکیں گی۔ اس اقدام کا مقصد جہاں مسافروں کے لیے اضافی جگہ کی سہولت مہیا کرنا ہے وہیں خسارے میں ڈوبی قومی ایئر لائن کو ریونیو اکٹھا کرکے مالی مسائل سے نکالنے میں معاونت کرنا بھی ہے۔