دو سال خفیہ مشن پر مسلسل پرواز کرنے والا پُراسرار جہاز لینڈ کرگیا
نیویارک: امریکی فوج کا پُراسرار ترین خلائی طیارہ 780 دن مدار میں گھومنے کے بعد گزشتہ دنوں زمین پر لینڈ کر گیا۔
میل آن لائن کے مطابق امریکی ایئرفورس کے حکام نے بتایا ہے کہ ایکس 37 بی نامی یہ خلائی طیارہ دو سال سے زائد عرصہ مسلسل پرواز کرنے کے بعد فلوریڈا میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر پر اترا۔
امریکی ایئرفورس کے پاس اس طرح کے دو طیارے ہیں جو بغیر پائلٹ چلتے ہیں اور خلاء میں ایک سے زائد بار آنے جانے اور طویل پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ طیارہ ایک خفیہ مشن پر اتنا عرصہ مدار میں چکر لگاتا رہا جو ایک ریکارڈ ہے۔ اس مشن کو "او ٹی وی 5 مشن" کا نام دیا گیا تھا تاہم اس کے متعلق امریکی حکام کی طرف سے کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی کہ آخر یہ طیارہ اتنا عرصہ تک خلاء میں کیا کرتا رہا۔
جب اس طیارے کو خلاءمیں بھیجا گیا تو عالمی میڈیا پر اس کے متعلق بہت چہ مگوئیاں ہوئی تھیں۔ طیارے کی واپسی پر امریکی ایئرفورس کے چیف آف اسٹاف جنرل ڈیوڈ ایل گولڈ فین کا کہنا تھا کہ اس سے قبل طویل ترین پرواز کا ریکارڈ بھی اسی طیارے کے پاس تھا جو اس نے اس پرواز میں توڑ دیا اور بحفاظت زمین پر لینڈ کر گیا۔ یہ انڈسٹری اور حکومت کے درمیان اختراعی پارٹنرشپ کی بدولت ممکن ہوا۔ اب امریکی ایئرفورس کے لیے آسمان کے نیچے کوئی حد نہیں رہی اور امریکا خلائی طاقت بن چکا ہے۔
Comments are closed on this story.