سندھ اسمبلی میں سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کیخلاف قرارداد منظور
کراچی: سندھ اسمبلی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ہٹانے کیخلاف قرارداد منظور کرلی۔
سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے فیصلے کے خلاف سندھ اسمبلی متحد ہوگئی، ایم کیو ایم پاکستان کی سرفراز احمد کے حق میں قرارداد اثر کرگئی اور کپتانی سے ہٹانے کے خلاف قرارداد متفقہ طور منظور کرلی گئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محمد حسین نے کہا کہ اس قراداد کو پیش کرنے کیلئے بنیادی وجہ پنجاب اسمبلی میں سرفراز کو ہٹانے کیلئے پیش کی گئی قراداد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز نے اس وقت ٹیم سنبھالی جب کوئی قابل کپتان نہیں تھا، موجودہ کپتان نے بھی اس وقت جواب دے دیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اُس وقت یہ سلوگن بن گیا تھا کہ سرفرار دھوکہ نہیں دے گا، سرفراز کیخلاف ایک گروپ بن گیا تھا۔
محمد حسین مزید بولے کہ سرفراز نے 49 ٹیسٹ میچز میں 19 نصف سینچریاں اور 3 سنچریاں بنائی ہیں، ایک ٹی ٹوئنٹی سیریز لاہور میں وہ ہارے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ میں خود کرکٹ کا شوقین ہوں محمد حسین کی قراداد کی حمایت کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی متنازع بات سے معاملات پیدا ہونگے، جو کارکردگی سرفراز کی رہی ہے اس کا حق ہے کہ وہ برقرار رہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے تو ایک سیریز ہاری مگر اسے ٹیم سے نکالنا زیادتی ہے، اس فیصلے سے مزید مایوسی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر سعید غنی نے سیاسی حریفوں پر بھی تنقید کے تیر چلاتے ہوئے کہا کہ کارکردگی بہتر نہ ہونے کی بات کی جائے تو وفاقی کابینہ کی کارکردگی کے مطابق تو پوری کابینہ کو ہٹانا چاہیئے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سرفراز کو قومی کرکٹ ٹیم میں بحال کیا جائے۔
Comments are closed on this story.