نوجوان نے سوشل میڈیا پر لائیو خودکشی کرلی، ویڈیو وائرل
گھوٹکی کے نواحی علاقے جروار کے قریب گاؤں سلطان خان گبول میں 25 سالہ منیر کلوڑ نامی نوجوان نے دوست سے ناراضگی کے باعث سوشل میڈیا پر لائیو آنے کے بعد خودکشی کرلی۔
منیر نے اپنے ناراض دوست کے گاؤں پہنچ کر فیس بک پر لائیو ہوکر کہا تھا کہ اگر میرا دوست نہیں آیا تو میں خودکشی کرلوں گا۔
اس نے لائیو ویڈیو میں روتے ہوئے یہ بھی کہا دوستوں کبھی عشق مت کرنا، میں عشق میں مجبور ہوں۔
ویڈیو میں منیر بار بار یہ کہہ رہا تھا کہ میری خودکشی کی ہمت نہیں ہورہی، میں کامران خان لغاری کو بہت مِس کروں گا، کامران میری زندگی کا بہترین حصہ رہا ہے۔
نوجوان نے خود کشی سے قبل اپنے دوستوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بہت سوچا لیکن جو زندگی رہی، تمام دوست مجھے معاف کردیں انہیں جملوں کے بعد نوجوان نے کنپٹی پر پسٹل کا فائر کردیا۔
واقعہ کے بعد مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، پولیس نے ضروری کاروائی کے لیے لاش تحویل میں لینے کے بعد میرپور ماتھیلو کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی جائے گی۔
خودکشی کرنے والے نوجوان کا تعلق گھوٹکی کے علاقے عادل پور سے بتایا جارہا ہے، پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے، جس میں کسی نے فیس بک لائیو پر خودکشی کی۔
Comments are closed on this story.