Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پچیانوے فیصد "بے بی فوڈز" میں زہریلی دھاتوں کی موجودگی کا انکشاف

شائع 19 اکتوبر 2019 05:08am

پُرانے زمانے میں بچوں کو ماں کا دودھ ہی غذا کے طور پر دیا جاتا تھا، لیکن موجودہ دور میں بچوں کی غذائیت کا زیادہ تر انحصار مصنوعی غذا پر پوتا ہے، جسے عرف عام میں "بے بی فوڈ" کہا جاتا ہے۔

لیکن شاید آپ جانتے نہیں کہ آپ کے بچے بے بی فوڈ کے نام پر کونسا زہر کھا رہے ہیں۔ جو بے بی فوڈ آپ اپنے بچوں کو کھلا رہے ہیں ان میں موجود زہریلی دھاتیں آپ کے بچے کے دماغ کی نشونما، اور صلاحیتوں کو متاثر کررہی ہیں۔

امریکا میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق ٹیسٹ کئے گئے بے بی فوڈز میں سے 95 فیصد میں لیڈ، 73 فیصد میں آرسینک، 75 فیصد میں کیڈمئیم اور 32 فیصد میں مرکری جیسی زہریلی دھاتیں شامل ہیں، جبکہ ایک چوتھائی موصنوعات میں یہ چاروں زہریلی دھاتیں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ چار زہریلی دھاتیں عموماً ہر کھانے میں پائی جاتی ہیں، فصلیں ان دھاتوں کو مٹی اور پانی سے جذب کرتی ہیں۔ لیکن بے بی فوڈ میں اتنی مقدار میں ان کی موجودگی خطرے کی گھنٹی ہے، کیونکہ بچے عام انسان سے زیادہ حساس ہوتے ہیں۔

کچھ مشہور بے بی فوڈز میں ان دھاتوں کی مقدار بہت زیادہ پائی گئی ہے، خصوصاً چاول، شکر قندی سے بنے کھانے اور جوسز میں۔  والدین اس کے بجائے دلیہ، ملٹی گرین سیریلز اور بنا چاول والے پیکڈ اسنیکس استعمال کر سکتے ہیں۔