Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

شاہد آفریدی کی مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر تنقید

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2019 02:56pm

 گوجرانوالہ: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیم کی حالت 70 سال سے ایسی ہی ہے، کبھی تسلسل نہیں رہا، نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے پھر غائب ہوجاتا ہے۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سری لنکنز نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، ہم اسٹارز کے ساتھ کھیلنے گئے پھر بھی شکست ہوئی جو فکر کی بات ہے۔

بوم بوم نے کہا کہ مصباح الحق کے پاس تین عہدے ہیں ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، بہتری لانے کیلئے سخت فیصلے کرنے ہونگے۔

آفریدی نے مزید کہا تھا کہ کرکٹ اکیڈمی بنانا چاہتا تھا لیکن سندھ حکومت کی طرف سے مثبت تعاون نہیں ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبدالرزاق کے بعد ہارڈ ہٹر کوئی نہیں آیا، اسی لئے کہا تھا ہمارے پاس ٹیلنٹ نہیں لیکن میری بات کو غلط لیا گیا۔

سیاست میں آنے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ابھی نہ کردوں اور بعد میں آگیا تو کیا کروں گا۔

بوم بوم نے مزید کہا کہ سیاستدان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے، کبھی دل کرتا ہے سیاست میں آنا چاہیئے لیکن جب ماحول دیکھتا ہوں تو کہتا ہوں ابھی نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب دھرنا بہت جلدی اور وقت سے پہلے کررہے ہیں، حکومت کو کچھ وقت دینا چاہیئے۔

لالا نے مزید کہا کہ ملک کسی سیاسی جماعت کا نہیں سب کا ہے، عمران بھائی یا انکی جگہ کوئی بھی وزیراعظم ہو ہمیں انکے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا، اپوزیشن کو عمران خان کو سپورٹ کرنا پڑے گا۔