پیزا ڈلیوری بوائے سے متعلق تضحیک آمیز ٹوئٹس: اشنا شاہ نے معذرت کرلی
پاکستان کی نامور اداکارہ اشنا شاہ نے گزشتہ دنوں پیزا ڈلیوری بوائے سے متعلق کی جانے والی ٹوئٹس پر معذرت کرلی۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ عموماً میں متنازع معاملات پر ردعمل دینے سے گریز کرتی ہوں لیکن یہ بات اپنے مداحوں کو واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے کسی کو بھی جان بوجھ کر تنگ نہیں کیا۔
اشنا شاہ نے ٹوئٹس کرنے کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہ ٹوئٹس ایسے ہی کردی تھیں لیکن اسے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پیزا ڈلیوری اکثر آتا اور اس سے میرا اسٹاف آرڈر وصول کرتا ہے لیکن اس روز اسٹاف کی غیر موجودگی کے باعث انہیں خود جانا پڑا، ویڈیو ملاحظہ کریں۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ لوگوں نے ٹویٹ کی اصل کہانی جانے کے بنا ہی غصے کا اظہار اور ذاتی حملے کرنا شروع کردیئے۔ اشنا نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے مجھے گالیاں دیں ان کے لئے میری کوئی معذرت نہیں ہے۔
تاہم ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی جانب سے غیر ارادی طور پر کی جانے والی غلطی پراُس لڑکے سے معذرت کرتی ہوں۔
اداکارہ اُشنا شاہ کی پیزا ڈلیوری بوائے کے ساتھ شرمناک حرکت
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اُشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
اُشنا شاہ نے ٹویٹر پر پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک پر مشتمل اپنی ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے رات گئے پیزا آرڈر کیا، جب پیزا ڈلیوری بوائے نے گھر کی گھنٹی بجائی تو اس وقت میرے ہاتھوں میں میری پالتو کتیا تھی جسے لڑکا دیکھ کر خوف زدہ ہوگیا اوراندر آنے سے انکار کردیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب لڑکے نے اندر آنے سے انکار کیا تو میں نے صنفی امتیاز پر مشتمل گفتگو کرتے ہوئے لڑکے سے کہا کہ مرد بنیں کیوں کہ آپ چار سال کے بچے نہیں ہیں اس لیے مردانگی پیدا کریں اور اندر آکر پیزا رکھیں۔
اُشنا شاہ نے اپنی دوسری ٹویٹ میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اگر وہ پیزا ڈلیوری بوائے پرسکون انداز سے گھر کے اندر آجاتا تو میری کتیا (پٹ بل) اسے صرف سونگھتی اور پھر پیار کرتی۔
اشنا شاہ کی جانب سے خود بیان کیے جانے والے اس تضحیک آمیز رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
عطیہ عباس نامی خاتون نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کی طبیعت ٹھیک ہی آپ نے فوڈ سروس انڈسٹری سے وابستہ ایسے شخص کی تضحیک کی ہے جنہیں زیادہ کام کرنے کے باوجود کم تنخواہ ملتی ہے، آپ کو شرم آنی چاہیے۔
اعصام احمد نے کہا کہ کہانی کا دوسرا حصہ تو یہ ہونا چاہیے کہ آپ اس ڈلیوری بوائے کو تلاش کریں اور اس سے معذرت کریں تاکہ دوبارہ اس طرح کی حرکت نہ ہو اور آئندہ کسی کو بھی اپنے خون خوار کتے کا نشانہ نہ بنائیں۔
صارفین کی جانب سے تنقید کیے جانے پراُشنا شاہ نے ندامت کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیزا بوائے سے متعلق بات پر ہر کوئی رو رہا ہے، سچ تو یہ ہے کہ میں کتیا کو ہاتھ میں اٴْٹھائی ہوئی تھی اور ڈلیوری بوائے نے اندر آنے سے انکار کردیا تھا ۔
ابتدائی دس منٹ تک میں یہی کہتی رہی کہ میرا وعدہ ہے کچھ نہیں ہوگا میں نے کتیا کو پکڑا ہوا ہے اس لیے گزر جائیں، بہادر بنیں شاباش لیکن وہ اندر نہیں آیا۔ اُشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے اس کا حوصلہ بڑھایا پر کام نہیں آیا لیکن جب اس کی مردانگی کو چیلنج کیا تو وہ فوری اندر آگیا۔
Comments are closed on this story.