سب کی توجہ کا مرکز بننے والے 'الخویا' کون ہیں۔۔۔؟
دنیا کو سعودی شاہی خاندان کے رسم و رواج اور روایات کی باریکیوں کو اندازہ نہیں۔
جب بھی کسی اہم مہمان کی آمد ہوتی ہے تو وہ ایوان شاہی کے رکھ رکھاؤ کو دیکھ کر دنگ رہ جاتا ہے۔
ایوان شاہی میں استقبالیہ تقریب مہمان کی عظمت اور شان وشوکت کے علاوہ شاہی خاندان کے نزدیک اس کی اہمیت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔
یہاں آنے والے یقیناً دوسرے ممالک کے سربراہان ہی ہوتے ہیں جن کے لیے عالیشان استقبالیہ تقریب کا انعقاد ہوتا ہے۔
استقبالیہ تقریب کے دوران راہداری میں قطار بنائے مخصوص لباس زیب تن کیے اور کمر میں خوبصورت خنجر باندھے لوگوں کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
سعودی عرب کے فرمانروا اور مختلف زعماء کی راہداری میں کھڑے ہونے والے ان لوگوں کو “الخویا” کہا جاتا ہے۔
الخویا "خوی" کی جمع ہے۔ مقامی زبان میں "خوی" ایسے ساتھی کو کہتے ہیں جو ہر وقت ساتھ رہے۔
شاہی روایات کے مطابق الخویا روایتی سعودی لباس زیب تن کرتے ہیں۔ ثوب کے اوپر سنہری دھاروں والی بیلٹ باندھتے ہیں۔ کمر پر سنہری رنگ کا خنجر رکھا جاتا ہے اور ہاتھ میں سنہری رنگ کی چمکدار تلوار ہوتی ہے۔
بانی مملکت شاہ عبد العزیز کے قریبی ساتھی جو ہر وقت ان کے ساتھ رہتے تھے اور انہیں شاہ کی طرف سے مختلف ذمہ داریاں تفویض کی جاتی تھیں، انہیں "الخویا" کہا جاتا تھا۔
گویا “الخویا” شاہ عبد العزیز کے زمانے سے موجود تھے۔ شروع میں انہیں عسکری ذمہ داریاں بھی دی جاتی تھیں۔ یہ شاہ کے خصوصی ایلچی بھی تھے جو مختلف قبائل میں شاہ کی نمائندگی کرتے تھے۔
سابقہ ادوار میں"خوی" شاہ کا اسلحہ بھی اٹھانے کا کام کرتے تھے۔ یہ شاہ کے محافظ بھی تھے۔ شاہ کی طرف سے پیغام رسانی کا کام بھی کرتے تھے۔
بعد ازاں سعودی عرب میں مسلح افواج کی باقاعدہ تشکیل ہوئی تو الخویا کی عسکری ذمہ داریاں ختم ہوگئیں۔ انہیں شاہی خاندان کے افراد تک محدود رہنے دیا گیا۔
وہ شاہ کی آمد پر استقبال اور رخصت ہونے پر الوداع کرتے ہیں۔ “الخویا” کو مہمانوں کی تکریم اور اعزاز کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ایوان شاہی میں آنے والے مہمان کی شان وشوکت کے حساب سے “الخویا” کی تعداد رکھی جاتی ہے۔
الخویا تمام گورنریٹس میں بھی موجود ہیں۔ جب کسی ریجن کے گورنر دورہ کر کے سے واپس آتے ہیں تو 10 سے 50 “الخویا” ان کا استقبال کرتے ہیں۔
الخویا ایک طرح سے عسکری شعبہ ہے جس میں مختلف عہدے بھی ہیں۔ الخویا کا ایک سربراہ ہوتا ہے جو ایوان شاہی کی تقریبات میں انہیں منظم کرتا ہے۔
الخویا کا سربراہ فرمانروائے مملکت کے ساتھ سائے کی طرح ہر وقت رہتا ہے۔
Comments are closed on this story.