لفظ "پاپاجانی" نے دو بڑی پاکستانی کمپنیوں کو لڑوا دیا
مولٹی فوم بنانے والی ماسٹر کمپنی کے اشتہارات ہم بچپن سے دیکھتے آرہے ہیں، پاکستان کا شاید ہی کوئی بچّہ، جوان یا بوڑھا ایسا ہوگا جس نے مولٹی فوم کا "پاپا جانی" والا اشتہار نہ دیکھا ہو۔
اگر آپ کسی کے سامنے "پاپا جانی والے گدّے" کا ذکر کریں تو اسے یہ سمجھنے میں ذرا بھی دیر نہیں لگے گی کہ بات مولٹی فوم کی ہورہی ہے۔
تاہم اب کچھ عرصے سے ڈائمنڈ سپریم فوم بنانے والی کمپنی نے انہی الفاظ کا اپنے اشتہارات میں استعمال کرتے ہوئے ماسٹرمولٹی فوم کا نام لیے بغیر لوگوں کو اس کا استعمال ترک کرکے اپنا میٹرس استعمال کرنے کی تریب دی، جس پر مولٹی فوم نے عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈائمنڈ سپریم فوم کے ایک اشتہار میں شوہر ڈائمنڈ فوم منگواتا ہے اور اس کی بیوی کہتی ہے کہ تم نے "پاپا جانی والا میٹرس" کیوں نہیں منگوایا۔ پھر شوہر ڈائمنڈ فوم کے فوائد بتاتا ہے اور بیوی خوش ہو جاتی ہے۔
ڈائمنڈ فوم کی طرف سے کچھ بل بورڈز بھی شہروں میں آویزاں کئے گئے جن پر لکھا گیا کہ "ڈیئر پاپا جانی! میں نے اب ڈائمنڈ سپریم فوم استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ محبت کے ساتھ ۔"
گویا وہ بیٹی جس نے رخصتی کے وقت پاپا جانی سے پاپاجانی والا میٹرس جہیز میں لیا تھا اب اس نے برانڈ تبدیل کر لیا ہے اور اس سے اپنے پاپا کو آگاہ کر رہی ہے۔
اس معاملے پر ماسٹرمولٹی فوم نے پیمرا سے رجوع کیا اور پیمرا کی طرف سے "پاپا جانی" کو مولٹی فوم کا ٹریڈمارک قرار دیتے ہوئے ڈائمنڈ فوم کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ دوسری طرف مولٹی فوم نے عدالت میں بھی ایک درخواست دی جو سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہے۔
اس قانونی کارروائی کے حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ ڈائمنڈ سپریم فوم کو اپنی تشہیری مہم میں پاپا جانی کے الفاظ استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے اور ان الفاظ کے حامل بل بورڈ اتارنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا بھی ان دو بڑے برانڈز کی لڑائی پر پیچھے نہیں رہا اور کچھ لوگ مولٹی فوم کی طرف داری کر رہے ہیں اور کچھ ڈائمنڈ فوم کے تخلیقی اور استہزائیہ اشتہارات کی تعریف کر رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.