Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

مٹی کے برتن میں پانی پینے کے فوائد

شائع 13 اکتوبر 2019 07:53am

آج سے چند برس قبل پانی کو ٹھنڈا کرنے کے لیے گھروں میں مٹی سے بنے مٹکے استعمال کئے جاتے تھے۔ جہاں زمینی مٹی سے قدرتی طور پر بے شمار معدنیات اور وٹامنز حاصل کیے جاتے ہیں، وہیں مٹی کے برتن کا استعمال کرکے بھی ان وٹامنز اور منرلز سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ یہاں آپ کو مٹی کے برتن میں پانی پینے کے چند فوائد بتائے جا رہے ہیں۔

٭ نظام ہاضمہ

پلاسٹک کی بوتلوں کو بنانے کے لیے اکثر بی پی اے کا استعمال کیا جاتا ہے جو انتہائی خطرناک کیمکل ہے۔ مٹکے کے پانی میں کسی بھی قسم کا کیمیکل شامل نہیں ہوتا، یہ پانی جسم میں ٹیسٹوسٹیرون متوازن رکھتا ہے اور ہاضمے کو بہتر بناتا ہے۔

٭ الکلائن سے مالامال

مٹی الکلائن حاصل کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ ہے، الکلائن جسم میں پی ایچ لیول کو اعتدال میں رکھتا ہے۔ مٹی میں الکلائن ہونے کی وجہ سے یہ پیٹ درد، معدے کی سوزش، تیزابیت اور دیگر اندرونی درد کی شکایات کو دور رکھتا ہے۔

٭ گلے کے لیے مؤثر

زیادہ ٹھنڈا پانی گلے کے غدود کو نقصان پہنچتا ہے جو اکثر کھانسی اور گلے کے دوسرے مسائل کی وجہ بنتا ہے، اس کے برعکس مٹکے کا پانی ایک ہی درجہ حرارت پر برقرار رہتا ہے اس وجہ سے یہ کسی بھی قسم کے گلے کے مسائل کی وجہ نہیں بنتا۔

٭ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ

گرمی میں مٹکے کا پانی استعمال کرنا جسم میں نیوٹریشن، وٹامن، گلوکوز کو متوازن رکھتا ہے اور ہیٹ اسٹروک کے خدشے سے محفوظ رکھتا ہے۔ جبکہ مٹکے کا پانی دن بھر تازگی اور تسکین فراہم کرتا ہے اور ساتھ ہی صحت کو تحفظ دیتا ہے۔

٭ مٹکے کا پانی ٹھنڈا رہتا ہے

مٹکے کے اندر پانی قدرتی طور پر ٹھنڈا رہتا ہے اور ساتھ ہی مٹی کی معدنیاتی نعمت سے بھی بھر پور رکھتا ہے۔ مٹکے کا پانی قدرتی طور پر بدلتے ہوئے موسم کے حساب سے ٹھنڈا رہتا ہے۔