Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ہر وقت پیاس کا احساس بڑے خطرے کی علامت

شائع 13 اکتوبر 2019 06:27am

عموماً گرمیوں میں یا سخت جسمانی محنت کے بعد پیاس لگنا عام سی بات ہے، مگر جب موسم ٹھنڈا ہو یا آرام سے ٹھنڈی جگہ بیٹھے بیٹھے بھی ہر وقت پیاس لگ رہی ہو اور اس کی وجہ بھی سمجھ نہیں آرہی تو یہ خطرے کی علامت ہوسکتی ہے۔

اگر آپ 6 سے 8 گلاس پانی روزانہ پیتے ہیں اور پھر بھی مسلسل شدید پیاس کا احساس ستاتا رہتا ہے تو یہ ایسا وقت ہوتا ہے کہ جب ڈاکٹر سے رجوع کرلینا چاہئے۔ بہت زیادہ پیاس لگنے کی چند وجوہات یہ بھی ہوسکتی ہیں۔

٭ بہت زیادہ نمک کا استعمال

زیادہ نمک والی غذائیں پیاس بڑھاتی ہیں، ہمارے جسم کو نمک اور پانی کے درست توازن کی ضرورت ہوتی ہے، جب نمک کا استعمال زیادہ ہوجائے تو خون میں پانی کی سطح گرجاتی ہے جس کے نتیجے میں ہر وقت پیاس لگنے لگتی ہے، خاص طور پر اگر کھانے کے بعد پیٹ پھول جائے یا گیس محسوس ہو کیونکہ جسم پانی کا کچھ حصہ وہاں اکھٹا کردیتا ہے جو دیگر مسائل کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

٭ جسم میں پانی کی کمی کا اشارہ

اگر جسم میں پانی کی کمی ہونے لگے اور مناسب مقدار میں اس کا استعمال نہ ہو تو پیاس لگنے لگتی ہے، کہا جاتا ہے کہ جسم کو روزانہ آٹھ گلاس پانی کی ضرورت ہوتی ہے تاہم یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ اس میں پانی کے ساتھ ساتھ غذا کی شکل میں جسم کا حصہ بننے والا سیال بھی شامل ہوتا ہے، کچھ لوگوں کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے تو ان کے لیے آٹھ گلاس بھی کم ہوتے ہیں جبکہ کچھ کے لیے زیادہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں، یا یوں کہہ لیں ہر انسان کی جسمانی ضروریات مختلف ہوتی ہیں جس کے حساب سے پانی پینا ہوا ہے، تاہم ہر وقت پیاس لگنے کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کے جسم کو پانی کی زیادہ ضرورت ہے خاص طور پر خشک موسم کے دوران۔

٭ ذیابیطس کی علامت

ذیابیطس جسم کی مٹھاس کو ٹکڑے اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے والا مرض ہے، جس کے نتیجے میں خون میں شوگر کی سطح بڑھ جاتی ہے اور پیشاب زیادہ آنے لگتا ہے، جس سے جسم میں پانی کی کمی ہونے لگتی ہے اور پیاس بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، یوں کہہ لیں کہ مسلسل پیاس اور پیشاب کا جلدی جلدی آنا اس مرض کی دو واضح علامات ہوسکتی ہیں، اگر آپ زیادہ مقدار میں پانی پینے کے باوجود پیاس محسوس کرتے ہیں تو ڈاکٹر سے شوگر چیک کرالیں۔

٭ ہارمون توازن کا بگڑنا

اگر ہارمونز کا توازن بگڑ جائے تو اس سے نمک اور پانی کی سطح پر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور بہت شدید پیاس لگتی ہے، ایسے افراد ہر وقت پیشاب بھی آتا رہتا ہے چاہئے وہ زیادہ پانی نہ بھی پیئے۔

٭ ادویات کا استعمال

کچھ ادویات منہ کو خشک کرتی ہیں جس سے پیاس کا احساس ہوتا ہے، اگر آپ ادویات استعمال کرتے ہیں اور پیاس کا احساس زیادہ ہوتا ہے تو فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں۔