بچّے کاٹتے کیوں ہیں۔۔۔؟ انتہائی اہم وجہ سامنے آگئی
اکثر بچے بلاوجہ کاٹنے کی بُری عادت میں مبتلا ہوتے ہیں۔ والدین کے ساتھ ساتھ دیگر آس پاس کے افراد بھی بچوں کی اس حرکت سے پریشان نظر آتے ہیں کہ ان کا بچہ ہر کسی کو کاٹ لیتا ہے جو بعض اوقات شرمندگی کا باعث بھی بنتا ہے۔
لیکن کیا ہم نے کبھی سوچا ہے کہ بچے کی دانت کاٹنے کی وجہ کیا ہوسکتی ہے؟
حال ہی میں ایک تحقیق کی گئی ہے جس میں بچوں کے کاٹنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے والدین جو اپنے بچوں کو وقت نہیں دے پاتے یا ان کے پاس اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کا اور ان سے بات چیت کرنے کا مناسب وقت نہیں ہوتا، بچوں کی اس بُری عادت کی اصل وجہ ہیں۔
ماہرین نے بچوں کے کاٹنے کی ایک اور وجہ یہ بتائی ہے کہ وہ بچے جو موبائل فون، ٹی وی اور ٹیبلیٹ کا استعمال زیادہ کرتے ہیں، بات کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوجاتے ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار وہ بلاوجہ کاٹنے کی صورت میں کرتے ہیں۔
تحقیق میں بچوں کی نرسری کے مالک، مینیجر اور دیگر ملازمین سے اس حوالے سے پوچھا گیا جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پچھلے 5 سالوں میں بچوں کے کاٹنے کی شرح میں 28 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
ہزار لوگوں میں سے 62 فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ انہیں بچوں کے کاٹنے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ daynurseries.co.uk ویب سائٹ کی ایڈیٹر سیو لرنر جنہوں نے بچوں کے کاٹنے کے حوالے سے سوالنامہ بنا کر نرسری کے لوگوں سے پوچھا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کا نتیجہ بے حد خطرناک نکلا ہے، جن بچوں کے پاس اپنے جذبات کو اظہار کرنے کی زبان نہیں ہوتی ایسے بچے ہی کاٹنے کی عادت میں مبتلا ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل دیگر تحقیق سے بھی یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ نرسری اور کنڈرگارٹن کے بچے اپنے جذبات کو دوسروں تک پہنچانے کی صلاحیت سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا موبائل فون زیادہ استعمال کرنا اور ماں باپ پر کام کا زیادہ دباؤ جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو وقت نہیں دے پاتے یہ عادات بچوں کے اندر کی صلاحیت کو تباہ کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
Comments are closed on this story.