کراچی: شارٹ ٹرم اغوا میں ملوث 4 پولیس اہلکار گرفتار
کراچی: شارع فیصل تھانے کے 4 پولیس اہلکار شہریوں کے شارٹ ٹرم اغوا میں ملوث نکلے، شہریوں کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرکے چاروں اہلکاروں کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق شارع فیصل پولیس کے 4 اہلکاروں کو 5 متاثرہ نوجوانوں کی اعلیٰ افسران کو درخواست کے بعد لاک اپ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کے مطابق 19 ستمبر کو ان اہلکاروں نے انہیں پارکنگ سے حراست میں لیا، پولیس اہلکار انہیں گلشن جمال میں واقع ایک خالی پلاٹ میں لے گئے اور مقابلے کا کہہ کر ڈرایا دھمکایا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چاروں پولیس اہلکاروں نے جیب سے 30 ہزار روپے سے زائد رقم نکال لی، اسی دوران متاثرہ افراد کے دوست عمیر کا فون آیا تو اہلکاروں نے اسے فلیٹ کے پاس بلایا، یہ اہلکار عمیر کو اے ٹی ایم لے گئے اور اس کے اکاؤنٹ سے 32 ہزار نکلوائے۔
ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ 2 روز قبل ان کے علم میں یہ بات آئی جس کی انہوں نے خود انکوائری کی، واقعے میں ملوث 4 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتار چاروں اہلکاروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.