بے نامی جائیداد: بیوہ خاتون کروڑوں کے پلاٹ کی مالکن بن گئیں
کراچی: بے نامی اکاؤنٹ کے بعد بےنامی جائیداد کا ایک اور کیس سامنے آگیا، غریب بیوہ کو کروڑوں کی جائیداد رکھنے کے الزام میں نیب نے طلب کرلیا۔
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر تین کی رہائشی خاتون کے نام نیب نے طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کڈنی ہال پارک میں کروڑوں کا پلاٹ آپ کا ہے اور یہ پلاٹ آپ نے کیسے خریدا؟ اسلام آباد آکر اس کا جواب دیں۔
تاہم خاتون کے پاس تو کھانے کے لالے ہیں، اسلام آباد آنے کا خرچہ کہاں سے لائیں۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے نیب نے بلایا ہے پلاٹ ہمارا نہیں، میرے پاس تو اسلام آباد جانے کا کرایہ بھی نہیں ہے۔
خاتون کا موقف ہے کہ شوہر کے انتقال کے بعد کفالت بھائی کرتے ہیں۔ نیب کا نوٹس ملنے کے بعد پریشانی میں مبتلا ہوگئی ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ پلاٹ گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے دور میں الاٹ کیا گیا جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے۔
Comments are closed on this story.