Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان ریلوے کا انوکھا کارنامہ، روہڑی سے لاس اینجلس تک ٹرین چلا دی

شائع 05 اکتوبر 2019 04:26am

روہڑی: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کی سرپرستی میں کام کرنے والا ادارہ "پاکستان ریلوے" کچھ زیادہ ہی تیزی سے ترقی اور جدّت کی منازل طے کررہا ہے۔ ترقی کی رفتار کا یہ عالم ہے کہ پاکستان ریلوے نے سندھ کے شہر روہڑی سے امریکی  شہر لاس اینجلس تک ریل  چلا دی ہے۔

پاکستان ریلوے سے متعلق آئے روز ایک سے ایک نیا اسکینڈل سامنے آتا رہتا ہے۔ کبھی تو کوئی ٹرین کہیں پٹڑی سے اتر جاتی ہے، تو اکثر ملک کے بڑے اسٹیشنز پر ٹرینوں کی آمد و رفت مسلسل متاثر رہتی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان ریلوے کی ٹرینوں کیلئے ایسے پسنجر ڈبوں کا استعمال کیا جا رہا ہے جن کے باہر ایک ڈیجیٹل ڈسپلے اسکرین نصب ہوتی ہے۔ عمومی طور پر اس ڈسپلے اسکرین پر ٹرین کے مقام آغاز سفر اور منزل والے شہر کے نام درج ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سندھ کے شہر روہڑی کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کی ڈسپلے اسکرین پر ٹرین کی منزل "لاس اینجلس" لکھ دیا گیا، جس کا مسافروں نے خوب مذاق بنایا۔ ڈبے کے ڈسپلے پر لکھا منزل کا نام مسافروں کیلئے تفریح کا باعث، جبکہ پاکستان ریلوے کیلئے شرمندگی کا باعث بن گیا۔ ٹرین کے ڈبّے کی ڈسپلے پر درج تھا کہ ٹرین کی منزل امریکی شہر لاس اینجلس ہے۔ بس یہ دیکھنا تھا کہ مسافروں نے تصاویر اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں اور پاکستان ریلوے انتظامیہ کی خوب کلاس لی۔