سیکیورٹی رسک: "انٹرنیٹ ایکسپلورر" کو فوری طور پر اَن اسنٹال کرنے کی ہدایات جاری
مائیکروسافٹ نے اپنے معروف ترین ویب براؤزر "انٹرنیٹ ایکسپلورر" کا ان انسٹال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مائیکروسافٹ نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ "انٹرنیٹ ایکسپلورر" کو اَن اِنسٹال کر دیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
رواں ہفتے مائیکرو سافٹ نے آگاہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر میں موجود بڑی سیکیورٹی کمزوری ہیکرز کیلئے کمپیوٹرز کا انتظام سنبھالنے میں آسانی فراہم کرتی ہے۔ آسان الفاظ میں اگر آپ انٹرنیٹ ایکسپلورر اب تک استعمال کررہے ہیں تو اس کا استعمال چھوڑ دیں۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی کمزوری میموری کو اس طرح کرپٹ کرسکتی ہے کہ ایک حملہ آور اس کا کوڈ بدل سکتا ہے، اگر صارف پھر ایڈمنسٹریٹو یوزر رائٹس کے ساتھ لاگ ان ہوتا ہے تو ہیکر کیلئے اس کمزوری کواستعمال کرکے متاثرہ سسٹم کا کنٹرول سنبھالنا آسان ہوجاتا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب مائیکرو سافٹ کی جانب سے صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر سے جان چھڑا لیں۔
رواں سال فروری میں کمپنی کے ایک سیکیورٹی محقق نے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کو بطور ڈیفالٹ براؤزر استعمال کرنا چھوڑ دیں جبکہ اپریل میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کو استعمال نہ بھی کرتے ہوں تو کمپیوٹر میں اس کی موجودگی ہی سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہے، کیونکہ حملہ آور اس براؤزر کی کمزوری سے فائدہ اٹھا کر پروگرامز انسٹال کرسکتا ہے، ڈیٹا دیکھ سکتا ہے، بدل یا ڈیلیٹ کرسکتا ہے یا مکمل یوزر رائٹس والے نئے اکاؤنٹس بناسکتا ہے۔
Comments are closed on this story.