پاکستان سمیت دنیا بھر میں 9 محرم الحرام کے حوالے سے جلوس نکالے جائیں گے
اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے جلوس اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے۔ نذر و نیاز اور لنگر کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس اسلام آباد کے مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری جی 62 سے برآمد ہوگا، جو مرکزی راستوں سے ہوتا ہوا رات کو اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔
انتظامیہ کیجانب سے سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کیساتھ ساتھ رینجرز بھی فرائض سرانجام دے گی۔
لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
لاہور پولیس نے نویں اور دسویں محرم الحرام کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک پلان کو حتمی شکل دیدی ہے۔ 15 ہزار سے زائد پولیس افسران واہلکار اور 10 ہزار سے زائد رضا کار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کے مطابق عزاداروں کو جلوس میں شریک ہونے کیلئے تین درجاتی سکیورٹی سے گزرنا ہوگا۔ جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کے راستوں پر نظر رکھی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے 1350 وارڈنز ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دیں گے، سی ٹی او لاہور کے مطابق جلوس بر آمد ہونے پر مقررہ راستوں پر کوئی گاڑی، موٹر سائیکل نہیں آنے دی جائیگی۔
نویں اور دسویں محرم الحکرام کے دوران شہر بھر میں ڈبل سواری پر پابندی جبکہ دسویں محرم الحرام کو موبائل فون سروس معطل رہے گی۔ رینجرز اور پاک فوج کے دستے بھی سٹینڈ بائی پوزیشن پر رہیں گے۔
حافظ آباد میں خواتین پولیس اہلکار بھی مردوں کے شانہ بشانہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں سب انسپکٹر مریم کہتی ہیں عوام کے جان و مال کا تحفظ سب سے اولین ہے۔
بنوں میں بھی اہل تشیع برادری کے زیر اہتمام مجلس عزا اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے پاک فوج کے کرنل عامر اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عقیق حسین نے محرم الحرام کے ان خصوصی ایام میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے امام بارگاہ حسینیہ میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اہل تشیع برادری نے پاک فوج اور محکمہ پولیس کی جانب سے ان خصوصی آیام میں ان کی تحفظ کیلئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
آج نویں محرم کو شب عاشورہ جبکہ کل دسویں محرم کے ماتمی جلوس امام برگاہ حسینیہ سے برآمد ہونگے جو کہ روایتی روٹ ریلوے روڈ سے گزر کر میلاد پارک بنوں پر احتتام پذیر ہونگے۔
Comments are closed on this story.